|
اسلام آباد: (ملٹی نیوز) دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس میں پاکستان کو ملنے والی امداد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے خرچ کی جائے گی۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف دو روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی دعوت پر کررہے ہیں ، وزیر اعظم نے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے ملاقاتیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ فریقین نے دو طرفہ سرمایہ کاری تعاون کو وسعت دینے، شراکت داری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کے لیے آج پاکستانی اور اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات کررہے ہیں، وزیراعظم متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ مکمل کرکے آج ہی وطن واپس پہنچیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان نے جنیوا میں ڈونرز کانفرنس منعقد کی جس میں عالمی برادری اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر مدد کی ہے۔

کابل میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے ، پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔

تازہ خبریں

متعلقہ خبریں

No data found